اہم خبریںتازہ ترینسندھ

کراچی، خاتون اور 3 بچوں کے قتل میں شوہر کا بہنوئی ملوث نکلا، تفتیش میں اہم انکشافات

کراچی(اے ون نیوز) کراچی میں خاتون اور 3 بچوں کے بہیمانہ قتل کے واقعے میں مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی ملوث نکلا۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں ماں اور اس کے 3 بچوں کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے پولیس نے مقتولہ کے شوہر دانش کے بہنوئی ہمایوں کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ مسرور کے ساتھ پریس کانفرنس میں بتایا کہ زیر حراست ہمایوں کو باضابطہ گرفتار کرلیا گیا ہے ، ملزم نے دوران تفتیش چاروں قتل کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم ہمایوں ڈیڑھ سال قبل دانش کا کرایہ دار تھا اور اسی گھر کی بالائی منزل پر رہتا تھا، تاہم ڈیڑھ سال قبل دانش نے اپنے بہنوئی کو گھر سے نکال دیا تھا۔

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق واقعے کے روز ملزم ہمایوں، دانش کے گھر پہنچا کیونکہ اسے معلوم تھا کہ دانش گھر پر موجود نہیں ہے۔ گرفتار ملزم پیر کو دوپہر تقریباً 2 بجے اپنے سالے دانش کے گھر پہنچا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گھر میں چائے بھی پی، اس دوران مقتولہ مہوش نے اسے بازار سے کپڑوں کی سلائی کے لیے بکرم اور بیل لانے کو کہا، جس پر ملزم بازار گیا اور واپس آیا تو 2 بچے مدرسے جاچکے تھے۔

تفتیش کے مطابق ملزم نے خاتون کو شیرخوار بچی کے ساتھ اکیلا دیکھ کر زیادتی کی کوشش کی، تاہم خاتون نے مزاحمت کی، جس پر ملزم نے مہوش کے سر پر آہنی راڈ سے وار کیے، جس سے وہ زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئی۔

گھر میں موجود شیرخوار بچی اپنی ماں کو دیکھ کر رونے لگی تو ملزم نے اس کا سر دیوار سے مارا، جس کے نتیجے میں بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ملزم گھر کے واش روم سے ہاتھ دھو کر نکل رہا تھا کہ مدرسے سے دونوں بچے واپس گھر پہنچ گئے۔ بچوں کے گھر میں داخل ہونے کے بعد ملزم نے انہیں بھی آہنی راڈ کے وار کرکے قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزم گھر سے باہر نکلا تو ایک پڑوسی نے اسے دیکھا، جبکہ ملزم نے پڑوسی کو سلام بھی کیا تھا۔

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم آلہ قتل اپنے ساتھ لے گیا اور اسے راستے میں ایک نالے میں پھینک دیا، جسے بعد میں ملزم کی نشاندہی پر برآمد کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی موٹر سائیکل گھر پر چھوڑ کر اور موبائل فون بند کرکے دانش کے گھر پہنچا تھا۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ مقتولہ کا موبائل فون ملزم نے نہیں اٹھایا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ہجوم میں سے کسی شخص نے موبائل فون اٹھایا، جس سے متعلق انکوائری کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے منصوبہ بندی کے تحت چاروں قتل کیے، جبکہ پولیس کو جائے وقوع سے کوئی شواہد نہیں ملے تھے۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ واقعے سے خوف و ہراس پھیلا ہے، اس لیے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعہ بھی شامل کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button