
ملتان(اے ون نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ کو کچھ روز ملتان میں روکنے کا فیصلہ کرلیا۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل وزیراعظم کا فون آیا تھا اور انہوں نے ہم سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، وزیر اعظم کو بتایا کہ لوگ شدید مشکلات میں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ جیسے ہی پاکستان پہنچیں گے تو ہمارے ساتھ ملکر عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصلے کریں گے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا تھا، مشاورت کے بعد ہم نے طے کیا ہے کہ ہم اپنے احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے نہ لانگ مارچ سے دستبردار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صرف اتنا موقع دینا چاہتے ہیں کہ ہم وزیراعظم کی بات سنیں گے، ہمارے کارکن مسلسل میدان میں موجود رہیں گے، ہمارا ایجنڈا فساد نہیں عوام کو ریلیف دینا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ وزیراعظم تشریف لائیں تاکہ بات چیت شروع کی جاسکے تب تک ہمارے لانگ مارچ کا ملتان میں پڑاؤ موجود رہے گا۔ یہ حکومت کے پاس بات چیت کیلئے آخری چانس ہوگا اور انہیں لیوی کا بھتہ ہر صورت ختم کرنا ہوگا۔




