
بھکر(اے ون نیوز)پنجاب کے ضلع بھکر میں داجل چیک پوسٹ پر دہشت گرد کے خودکش حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان کے مطابق پنجاب کو خیبرپختونخوا سے ملانے والے دریا کے پل پر واقع پنجاب پولیس کی داجل چیک پوسٹ پر افطار کے وقت حملہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
ڈی پی او کے مطابق حملے میں 2 پولیس اہلکار فہیم اورشہباز شہید ہوگئے جب کہ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر احسان علی کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور حملے کے بارے میں پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
آئی جی پنجاب نے شہید پولیس اہلکاروں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے زخمی کانسٹیبل ارشد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہےکہ پنجاب پولیس کا ہر جوان فتنہ خوارج اور فتنہ ہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔




