اہم خبریںپاکستانتازہ ترینخیبر پختونخواہ

کوہاٹ حملہ،آپریشن مکمل، اعلیٰ افسران اور اہلکار شہدا میں شامل

کوہاٹ (اے ون نیوز)کوہاٹ میں پولیس لائنز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرتے ہوئے تمام آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس کارروائی میں خودکش بمبار سمیت تمام حملہ آور مارے گئے ہیں، جن میں سے کچھ دہشت گرد اسپیشل برانچ میں بھی موجود تھے جنہیں فورسز نے کارروائی کے دوران ہلاک کیا۔

اس واقعے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 23 ہو گئی ہے، جن میں 17 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری شامل ہیں۔ شہدا میں اعلیٰ پولیس افسران بھی شامل ہیں جن میں ایس پی، ڈی ایس پی اور انسپکٹر رینک کے اہلکار شامل ہیں۔ جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

اس پورے آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے خود کی، جو خود بھی اس حملے کی زد میں آ کر زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث تمام دہشت گردوں کا خاتمہ ممکن ہوا اور پولیس لائنز کے علاقے کو مکمل طور پر پاک کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس لائنز کی مسجد پر خودکش حملہ کیا، جس کے بعد بعض دہشتگرد اسپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہوگئے۔

پولیس لائنز میں دہشتگردوں کی موجودگی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جو دوسرے روز بھی جاری رہا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش حملہ کیا، جس کے بعد متعدد دہشت گرد اسپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جو کئی گھنٹے جاری رہا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر دستی بم سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے تھے، جبکہ مزید کلیئرنس جاری تھی۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ پولیس لائنز کو مکمل طور پر کلیئر کرلیا گیا ہے اور 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار پولیس کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا، جبکہ پولیس اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔

آئی جی نے آپریشن میں حصہ لینے والے ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے افسران و جوانوں کو شاباش دی اور ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔

ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ جانباز جوان قوم کا فخر ہیں، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

بعد ازاں گزشتہ روز رات کو پولیس لائنز میں دھماکے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوہاٹ میں ادا کردی گئی تھی۔ جس میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی، جبکہ پولیس، افواج پاکستان اور سول افسران نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیئے گئے تھے۔ اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہدا کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا، دہشتگردوں پر خیبرپختونخوا کی سرزمین تنگ کردیں گے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشتگردوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو بھی جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button