اہم خبریںپاکستانتازہ ترینتجارت

پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہونے کا خدشہ ،علی پرویز ملک

اسلام آباد(اے ون نیوز)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک میں پیٹرول کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر تک ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی خام تیل کی منڈیوں میں بھونچال آیا ہوا ہے، حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے، وسائل کی کمی کے باوجود ریلیف کی کوشش کر رہے ہیں۔

اتوار کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی خام تیل کی منڈیوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ جاری ہے اور عالمی صورت حال کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر پڑ رہا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی ترجیح ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی ہے، حکومت تیل کی دستیابی اور قیمتوں کی صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام ذرائع سے تیل کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور کوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا جائے گا جس سے ملک میں تیل کی دستیابی میں خلل آئے۔

وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ اگر تیل کی قلت پیدا ہوئی تو صورت حال سنگین ہوسکتی ہے اور پھر ممکن ہے کہ پیٹرول ایک ہزار روپے فی لیٹر میں بھی دستیاب نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قلت کے باعث ہمسایہ ممالک میں بھی افراتفری دیکھی گئی ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی خام تیل کی منڈیوں میں بھونچال آیا ہوا ہے، پیٹرول مہنگا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں تاہم عالمی صورت حال کے باعث قیمتوں میں فرق پڑ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو احساس ہے کہ عوام مشکل میں ہیں تاہم وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ بحران کے تناظر میں تیل کی قیمتوں اور دستیابی دونوں کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے حالیہ دنوں میں تیل کی فراہمی کے متبادل ذرائع پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق حکومت نے ستمبر کی ضروریات کو محفوظ بنانے کے ساتھ اکتوبر کی فراہمی کے لیے بھی انتظامات کیے ہیں جب کہ نومبر کی ضروریات کے لیے مزید سپلائی ذرائع تلاش کیے جا رہے ہیں۔

وزارت پیٹرولیم کے مطابق حکومت عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور خطے میں تیل کی ترسیل کو درپیش مشکلات کے باوجود ملک میں مستحکم اور بلاتعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران بڑے ریفائنری اداروں، پی ایس او اور اوگرا سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ سپلائی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 90 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پاکستان میں اس کا اثر تقریباً 50 فیصد تک منتقل کیا گیا۔

علی پرویز ملک نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کو دیوالیہ پن تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button