
ڈسکہ، منڈیکی گورائیہ(اے ون نیوز) معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ کے دوران جاں بحق 30 سالہ عقیل اور 22 سالہ ریحان کو نماز جنازہ کے بعد آہوں اور سسکیوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسکہ میں فراز گراونڈ میں معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی شادی کی تقریبات کے سلسلے میں مہندی کی رسم جاری تھی کہ اس دوران بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
30 سالہ عقیل کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاوں بڈھا گورائیہ جبکہ 22 سالہ ریحان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاوں گلوٹیاں کلاں میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس افسوسناک واقعہ پر جاں بحق نوجوانوں کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب غم سے نڈھال ہیں جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔
تھانہ موترہ پولیس نے مسٹر پتلو سمیت 9نامزد اور 40سے45نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے7افراد شاہدجاوید‘دانیا ‘منیراحمد‘محسن ‘ارشاد‘عبداللہ اور ذوہیب کو گرفتارکرلیاہے۔ دوسری جانب ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ واقعہ میں ملوث تمام ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




