
ممبئی(اے ون نیوز )بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن آج یکم نومبر کو اپنی 53ویں سالگرہ منا رہی ہیں،اپنی دلکش شخصیت،خوبصورتی اور فٹنس کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھنے والی اداکارہ نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے بھی مداحوں کی توجہ حاصل کرتی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشوریا رائے اپنی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے کسی سخت ڈائٹ پلان کی پابند نہیں بلکہ سادہ اور متوازن غذا کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کی روزمرہ خوراک میں دال، چپاتی، سبزیاں اور تازہ پھل شامل ہیں، جبکہ وہ جنک فوڈ اور زیادہ چکنائی والی غذاؤں سے حتی الامکان گریز کرتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ اپنے دن کا آغاز نیم گرم پانی میں شہد اور لیموں ملا کر پینے سے کرتی ہیں۔ وہ ناشتے کو دن کی اہم غذا سمجھتی ہیں اور صبح کے کھانے میں براؤن بریڈ ٹوسٹ اور دلیہ استعمال کرتی ہیں۔ان کی خوراک میں پروٹین اور فائبر سے بھرپور غذاؤں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
دوپہر کے کھانے میں ایشوریا گھر کا سادہ کھانا پسند کرتی ہیں، جس میں دال، چپاتی اور اُبلی ہوئی سبزیاں شامل ہوتی ہیں۔ وہ بازار کے تلے ہوئے کھانوں اور زیادہ تیل والی غذاؤں کے بجائے گھر میں تیار کردہ کھانے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ماضی کی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ رات کا کھانا بھی ہلکا رکھتی ہیں، جس میں گرل کی ہوئی مچھلی اور براؤن چاول شامل ہوتے ہیں۔
کھانے کے درمیان بھوک محسوس ہونے پر وہ موسمی پھل اور خشک میوہ جات کھاتی ہیں، جبکہ دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینے کا بھی خیال رکھتی ہیں۔ فٹنس کے لیے یوگا کو ترجیح ایشوریا رائے اپنی خوبصورتی اور جسمانی فٹنس برقرار رکھنے کے لیےمتوازن غذا کے ساتھ ورزش کو بھی اہمیت دیتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ سخت جم ورک آؤٹ کے مقابلے میں یوگا کو زیادہ پسند کرتی ہیں اور جسمانی و ذہنی صحت کے لیے اسے اپنے معمولات کا حصہ بناتی ہیں۔
اداکارہ کا سادہ غذائی معمول اور صحت مند طرزِ زندگی اس بات کی مثال ہے کہ فٹ رہنے کے لیے ضروری نہیں کہ انتہائی سخت ڈائٹ یا مشکل ورزشوں کا سہارا لیا جائے، بلکہ متوازن خوراک اور مستقل مزاجی بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔




