لاہور(اے ون نیوز)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اور معروف فنکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ اگر مریم اورنگزیب کی کبھی کوئی فلم ریلیز ہوئی تو وہ سپر ہٹ ہوگی۔
نیشنل آئکون ایوارڈز کی تقریب میں بشریٰ انصاری نے اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ مریم اورنگزیب تو بہت ہٹ جا رہی ہیں، اگر ان کی آج کوئی فلم ریلیز ہوتی ہے تو اگلی صبح سپر ہٹ ہو جائے گی۔
اداکارہ نے کہا کہ کیونکہ ابھی 15 منٹ پہلے یہ سابقہ وزیرِ اطلاعات ہوگئی ہیں اور سابقہ ہونے کے باوجود بھی اتنا ہٹ جا رہی ہیں تو اگر ان کی فلم ریلیز ہوئی تو کیا ہوگا۔
بشریٰ انصاری کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے جس پر صارفین تبصرے بھی کررہے ہیں۔انہوں نے ایوارڈ وصولی کے بعد تقریب میں موجود وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ شریف فیملی بھی اندر سے کہیں نہ کہیں آرٹسٹ ہے، میوزک سے آپ لوگوں کو دلچسپی ہے اور یہ جراثیم نہ ہوتے تو شاید آپ لوگ ہماری اس انڈسٹری کے لیے اتنے نرم دل نہ ہوتے۔
دوسری جانب اداکارہ ریشم نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ ‘میں ہمیشہ اپنی فلم انڈسٹری کو ایک لاوارث انڈسٹری سمجھتی تھی، اس انڈسٹری کو ایک مقام، درجہ اور نام دینے کے لیے شہباز شریف کا بے حد شکریہ’۔
انہوں نے کہا ‘شہباز شریف نے جو اس انڈسٹری کے لیے کیا، یہ انڈسٹری ان کا نام رہتی دنیا تک یاد رکھے گی’۔
نیشنل آئکون ایوارڈز کی تقریب میں جب اداکارہ عفت عمر کو ایوارڈ دینے اسٹیج پر بلایا گیا تو انہوں نے کہا کہ ‘یہ فیصلہ تھوڑا جانبداری پر مبنی لگ رہا ہوگا، کیونکہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کی پکی سپورٹر ہوں، اسی لیے لوگ کہہ رہے ہوں گے اسے ایوارڈ اسی لیے دیا گیا ہے’۔