
لندن (اے ون نیوز ) فارن آفس کے سینئر اور تجربہ کار افسر عثمان ٹیپو کو برطانیہ میں پاکستان کا ہائی کمشنر نامزد کر دیا گیا ہے , وہ بہت جلد اپنا عہدہ سنبھالیں گے .
عثمان ٹیپو نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی اور سفارتی محاذ پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے ان کی تقرری کو ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ برطانیہ جیسے اہم ملک میں ہائی کمشنر کی ذمہ داری ایک قابل، ذہین اور محب وطن شخصیت کو سونپی گئی ہے۔
برطانیہ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہے، جن کے مسائل کا حل اور ان کی فلاح و بہبود ہائی کمشنر کی اولین ترجیحات میں شامل ہوتا ہے، جو ایک بڑا چیلنج بھی ہے ہائی کمشنر پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں۔
اس کے علاوہ برطانیہ کے مختلف شہروں میں قائم پاکستانی قونصل خانوں کی نگرانی بھی ان کے فرائض میں شامل ہے، جس کے لیے اعلیٰ سطح کی صلاحیت اور تجربہ درکار ہوتا ہے۔
عثمان ٹیپو کی تقرری ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور وسیع تجربے کا مظہر ہے،توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے پاکستان کا عالمی وقار مزید بلند ہوگا۔




