
کیلیفورنیا(اے ون نیوز)فیس بک نے پاکستانیوں کے لئے ڈالر کمانے کےلئے اپنے دروازے کھول دیے،اب پاکستان میں ہی ڈالر بھی آئیں گے.
فیس بک نے اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں اہم اور تاریخی نوعیت کی تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں، جس کے بعد پلیٹ فارم کے قواعد پہلے کے مقابلے میں کافی حد تک نرم کر دیے گئے ہیں۔
اس نئی پیش رفت کو پاکستان میں کانٹینٹ کریئیٹرز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند خبر قرار دیا جا رہا ہے۔ اب کم فالوورز رکھنے والے نئے اور ابھرتے ہوئے صارفین کے لیے بھی فیس بک کے ذریعے ڈالرز میں آمدن حاصل کرنے کے مواقع پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو گئے ہیں۔
نئے مونیٹائزیشن نظام کے تحت اگر کوئی پیج 28 دنوں کے دوران 3 لاکھ (300,000) ویوز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اسے مونیٹائزیشن ٹولز تک رسائی فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے صارفین اپنی ویڈیوز، ریلز اور دیگر مواد سے براہِ راست آمدن کما سکیں گے۔
اس سے قبل مونیٹائزیشن کے لیے سخت شرائط عائد تھیں، جن میں 10 ہزار فالوورز، 6 لاکھ منٹ واچ ٹائم اور متعدد ویڈیوز کی اپلوڈنگ شامل تھی، جس کے باعث نئے کریئیٹرز کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔
ڈیجیٹل ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کے لیے روزگار اور آمدن کے نئے دروازے کھلیں گے، تاہم فیس بک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز اور کاپی رائٹ قوانین کی پابندی اب بھی لازمی ہوگی۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت فی الحال محدود سطح پر تجرباتی طور پر کچھ منتخب اکاؤنٹس کو فراہم کی گئی ہے، جبکہ اسے مرحلہ وار مزید صارفین تک بڑھایا جائے گا۔




