اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہری خوفزدہ

لاہور،اسلام آباد (اے ون نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، مظفرآباد، مالاکنڈ، سوات، دیر، ایبٹ آباد اور خیبرپختونخوا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، چنیوٹ، بھیرہ، کلورکوٹ، قائدآباد، ٹیکسلا، حسن ابدال، ہری پور، ایبٹ آباد، صوابی، چارسدہ، ہنگو، اورکزئی، مالاکنڈ، سوات، لوئر دیر، اپر دیر اور مظفرآباد سمیت متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

مظفرآباد میں زلزلے کے دوران شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ دیگر شہروں میں بھی لوگوں نے کھلے مقامات پر پناہ لی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پشاور میں زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں محسوس کیے جانے والے زلزلے سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، ملتان، پوٹھوہار ریجن سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا، زلزلے کی گہرائی 191 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے بعد متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں عمارتوں کا جائزہ لینے اور کسی ممکنہ نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع ہو تو فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button