جنوبی افریقہ میں منڈی بہاؤالدین کے 4 نوجوان فائرنگ سے جاں بحق، دو سگے بھائی بھی شامل

جوہانسبرگ(اے ون نیوز)جنوبی افریقہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پاکستان کے ضلع منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ساجد احمد اور ظفر احمد سگے بھائی تھے، جن کا تعلق گاؤں بلہڑ، منڈی بہاؤالدین سے تھا، جبکہ دیگر دو مقتولین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے۔ چاروں پاکستانی اپنی دکان بند کرنے کے بعد گھر جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں روک کر قریب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں چاروں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطلاعات کے مطابق حملہ بظاہر منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، تاہم قتل کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔ جنوبی افریقہ کی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ پاکستانی کمیونٹی اور مقتولین کے اہل خانہ واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔




