
کولمبیا(اے ون نیوز)جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں تباہ کن زلزلےکے نتیجے میں 111 افراد ہلاک ہوگئے، حکومت نے نیشنل ایمرجنسی نافذ کردی۔
خبر ایجنسی کے مطابق کولمبیا کے مغربی علاقے میں 7.4 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچادی، زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک ایکواڈور میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
کولمبیا کے شہر کیلی کے میئر کے مطابق شہر میں زلزلے کے باعث کم از کم 20 عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
میئر کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے لیے دارالحکومت بوگوٹا اور میڈیلین سے خصوصی ریسکیو ٹیمیں طلب کی گئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروےکے مطابق زلزلےکا مرکز چوکوا علاقے کی میونسپلٹی سان جوز ڈیل پالمر میں تھا، جو دارالحکومت بوگوٹا سے تقریباً 400 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حکام نقصانات اور ممکنہ جانی نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔




