
کوٹ ادو(اے ون نیوز) کوٹ ادو کے علاقے سنانواں کے قریب مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ گرنے کےافسوسناک حادثے کے بعدریسکیوکوٹ ادواورمظفرگڑھ کی مشترکہ ٹیموں کا بڑا سرچ آپریشن مسلسل 25گھنٹے سےجاری ہے.
ریسکیو کے مطابق حادثے میں اب تک 12افراد کی لاشیں برآمد ہوچکی ہیں جن میں دلاور ولد عبدالرشید عمر14سال،منیب ولد رشید عمر7سال،سکینہ بی بی زوجہ اللہ دتہ عمر58سال،سمیرا بی بی دختر محمد شفیق عمر15سال،محمد صائم ولد محمد اقبال،محمد ثبیتین ولدمشرف عمر7سال،راجوولد محمد اقبال عمر9سال،ظریف ولد وزیر احمد عمر11سال،اقبال بی بی زوجہ فدا حسین عمر35سال،کلیم اللہ ولد بشیر احمد عمر13سال،محمد جلال ولد محمد اقبال عمر12سال اورمحمد علی ولد محمد شفیق عمر5سال شامل ہیں،جاں بحق افراد میں خواتین کے علاوہ بڑی تعداد میں کمسن بچے بھی شامل ہیں.
جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کردی گئی جہاں ہر آنکھ اشکبار تھی اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،جس گھر سے بارات خوشیوں کے ساتھ نکلی تھی وہیں اب صفِ ماتم بچھ گئی جبکہ پورا علاقہ سوگوار ہے،ریسکیو کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کی مشترکہ ٹیمیں چار کشتیوں اور سکوبا ڈائیونگ کے ذریعے مزید 3لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں،ریسکیو ٹیمیں کینال کے 20کلومیٹر علاقے میں سرچ آپریشن مکمل کرچکی ہیں.
دوسری جانب مظفرگڑھ کینال سےنکلنے والی ایک چھوٹی لنک نہر سے بھی ایک بچے کی تیرتی ہوئی لاش ملی جسے اہل علاقہ نےنہر سےنکال لیا،افسوسناک واقعے پر ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم اور ڈی پی او کوٹ ادو منصور قمر موقع پر موجود ہیں اور سرچ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں،اہل علاقہ کے مطالبے پر مظفرگڑھ کینال کا پانی کم کرا دیا گیاجس سے ریسکیو ٹیموں کو سرچ آپریشن میں مزید آسانی پیداہوگئی.
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرمحمد ارشاد الحق کی زیرنگرانی انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم ہےجہاں سے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی جارہی ہے،ریسکیو حکام کے مطابق کینال کی گہرائی 12سے15فٹ جبکہ پانی کا بہا 3ہزار سے5ہزار کیوسک بتایا گیا ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کوٹ ادو کے علاقے سنانواں کے قریب مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا تیز رفتار لوڈر رکشہ گرنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،وزیراعلی نے حادثے میں جاں بحق افراد کے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کیلئے مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی.
مریم نواز شریف نے کینال میں ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جائے اور سرچ آپریشن میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے،وزیراعلی نے متعلقہ اداروں کو ریسکیو سرگرمیوں کی مثر نگرانی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔




