
ممبئی(اے ون نیوز) بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ کے گھر دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ جوڑے نے سوشل میڈیا کے ذریعے ننھی بیٹی کی آمد کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
دپیکا اور رنویر نے ایک سادہ اعلان کے ذریعے بتایا کہ ان کے ہاں 19 ستمبر 2026 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی۔ اعلان میں نومولود کے پاؤں کی تصویر کے ساتھ ’’Welcome Baby Girl‘‘ لکھا گیا جبکہ پیغام کے اختتام پر دپیکا، رنویر اور ان کی بڑی بیٹی دعا کے نام درج تھے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی دوسری اولاد ہے، اس سے قبل دونوں کے ہاں بیٹی دعا کی پیدائش 8 ستمبر 2024 کو ہوئی تھی، جوڑے نے رواں برس اپریل میں دوسری مرتبہ والدین بننے کی خبر مداحوں سے شیئر کی تھی۔
دپیکا اور رنویر نے اپنی دوسری حمل کی خبر بھی منفرد انداز میں دی تھی، جس میں ان کی بیٹی دعا کو حمل کا ٹیسٹ پکڑے دکھایا گیا تھا، بعد ازاں رواں ماہ جوڑے نے بیٹی دعا کے ساتھ زچگی سے متعلق تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
بیٹی کی پیدائش سے ایک روز قبل دپیکا اور رنویر ممبئی کے سدھی وینائک مندر بھی گئے تھے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دونوں نے اس موقع پر جامنی رنگ کے لباس زیب تن کیے تھے، اس سے قبل بھی دعا کی پیدائش سے چند روز پہلے جوڑے نے اسی مندر کا دورہ کیا تھا۔
دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے 2018 میں اٹلی کے لیک کومو میں شادی کی تھی، جبکہ ان کی پہلی بیٹی دعا ستمبر 2024 میں پیدا ہوئی تھی، اب دوسری بیٹی کی آمد کے بعد ان کا خاندان چار افراد پر مشتمل ہوگیا ہے۔




