
اسلام آباد(اے ون نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پریزیڈنٹ ٹرافی نہ نہیں کھیلنے دینے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنےکی وجہ رضوان کافٹنس ٹیسٹ نہیں بلکہ انکوائری ہے، پی سی بی نے رضوان کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کرنے سے منع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رضوان نے اپنے ڈیپارٹمنٹ ایس این جی پی ایل کو اسلام آباد میں جوائن کیا تھا، شان مسعود کی غیرموجودگی میں رضوان کو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سےکپتانی کا کہا گیا تھا، رضوان نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے پریکٹس سیشن اور ٹیم میٹنگ میں بھی حصہ لیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایس این جی پی ایل منیجمنٹ سے رابطہ کیا گیا اور پیغام دیا گیا کہ انکوائری چل رہی ہے، رضوان کو واپس بھیج دیں۔ رضوان کو ڈیپارٹمنٹ منیجمنٹ نے پی سی بی کے حکم سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ایس این جی پی ایل منیجمنٹ رضوان کا فوراً فٹنس ٹیسٹ لینےکے لیے تیار تھی۔
ذرائع کے مطابق لاہور پہنچ کر رضوان نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا تھا تاہم رضوان کو این سی اے میں پریکٹس کرنےکی اجازت دینے سے انکارکردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دورہ انگلینڈ سے وطن واپسی پرکسی کھلاڑی کا متعلقہ ڈیپارٹمنٹ نے پریزیڈنٹ ٹرافی کے لیے فٹنس ٹیسٹ نہیں لیا۔ محمد رضوان آج کل اپنے آبائی شہر پشاور میں پریکٹس کر رہے ہیں۔




