اہم خبریںپاکستانتازہ ترینتجارت

حکومت کو 259 روپے فی لیٹر ملنے والا پیٹرول 396 روپے کا کیسے ہوجاتا ہے؟

اسلام آباد(اے ون نیوز)عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، کراچی بندرگاہ پر ایک لیٹر پیٹرول کی ابتدائی درآمدی لاگت 259 روپے 51 پیسے بنتی ہے لیکن صارف تک پہنچتے پہنچتے قیمت 137 روپے 14 پیسے بڑھ جاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ یہ اضافی رقم کہاں کہاں شامل ہوتی ہے؟ آئیے پورا حساب سمجھتے ہیں۔

پاکستان میں اس وقت پیٹرول کی موجودہ قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہے اور اس قیمت میں صرف پیٹرول کی درآمدی لاگت شامل نہیں بلکہ مختلف ٹیکس، لیویز، اخراجات اور مارجنز بھی شامل ہوتے ہیں۔

دستیاب تفصیلات کے مطابق کراچی بندرگاہ پر ایک لیٹر پیٹرول کی ابتدائی قیمت 259 روپے 51 پیسے بنتی ہے، جس کے بعد اس قیمت میں ایک روپے 33 پیسے ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ اور 24 روپے 94 پیسے کسٹم ڈیوٹی شامل کی جاتی ہے، ان رقوم کو شامل کرنے کے بعد پیٹرول کی ایکس ریفائنری امپورٹ پرائس 285 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوجاتی ہے۔

پیٹرول کو کراچی بندرگاہ سے ملک کے مختلف علاقوں تک پہنچانے اور صارفین کو فروخت کرنے کے لیے مزید اخراجات اور مارجنز شامل کیے جاتے ہیں۔ سب سے پہلے ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن کی مد میں 8 روپے 2 پیسے شامل ہوتے ہیں، اس کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن کی مد میں 7 روپے 87 پیسے شامل کیے جاتے ہیں جب کہ پیٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کی مد میں 9 روپے 98 پیسے شامل ہوتے ہیں۔

ان تینوں مدوں میں مجموعی طور پر 25 روپے 87 پیسے شامل ہوتے ہیں، چنانچہ 285 روپے 78 پیسے میں یہ رقم شامل کرنے کے بعد پیٹرول کی قیمت 311 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوجاتی ہے۔

سب سے بڑا اضافہ کہاں ہوتا ہے؟
اب پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں سب سے نمایاں اضافہ حکومتی لیویز کی صورت میں ہوتا ہے، پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (PDL) کی مد میں 80 روپے فی لیٹر وصول کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں مزید 5 روپے فی لیٹر شامل کیے جاتے ہیں۔

یوں دونوں لیویز کی مجموعی رقم 85 روپے فی لیٹر بنتی ہے، جب 311 روپے 65 پیسے میں 85 روپے کی دونوں لیویز شامل کی جاتی ہیں تو پیٹرول کی حتمی قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوجاتی ہے۔

فی لیٹر پیٹرول کا مکمل حساب
Search
مد رقم فی لیٹر
آئل مارکیٹنگ کمپنی کا مارجن 7.87 روپے
ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن 8.02 روپے
ایکس ریفائنری امپورٹ پرائس 285.78 روپے
ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ 1.33 روپے
حتمی قیمت 396.65 روپے
لیویز سے پہلے قیمت 311.65 روپے
پیٹرول پمپ ڈیلر کا مارجن 9.98 روپے
پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 80 روپے
کراچی بندرگاہ پر ابتدائی قیمت 259.51 روپے
کسٹم ڈیوٹی 24.94 روپے
کلائمیٹ سپورٹ لیوی 5 روپے
اس طرح کراچی بندرگاہ پر 259 روپے 51 پیسے سے شروع ہونے والا فی لیٹر پیٹرول صارف تک پہنچتے پہنچتے 396 روپے 65 پیسے کا ہوجاتا ہے، یعنی دونوں قیمتوں میں 137 روپے 14 پیسے کا فرق آجاتا ہے۔

اس فرق میں ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ، کسٹم ڈیوٹی، اندرونِ ملک فریٹ، آئل مارکیٹنگ کمپنی اور پیٹرول پمپ ڈیلر کے مارجنز کے ساتھ ساتھ 85 روپے فی لیٹر کی 2 لیویز بھی شامل ہیں۔

پیٹرول کی حتمی قیمت صرف عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت یا درآمدی لاگت سے نہیں بنتی بلکہ بندرگاہ سے صارف تک پہنچنے کے دوران مختلف سرکاری محصولات، اخراجات اور مارجنز بھی اس قیمت کا حصہ بنتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button