
دبئی (اے ون نیوز) متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شہریوں کے لیے شادی اور فرنیچر کی سرکاری امداد بڑھا کر 30، 30 ہزار درہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
اماراتی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یہ احکامات اپنے اجرا کی تاریخ سے ہی نافذ العمل ہوگئے ہیں۔
شارجہ کے حکمران نے منگل کے روز یہ بھی ہدایت کی کہ اس گرانٹ کے حصول کے لیے تنخواہ کی اہلیت کی شرط میں ترمیم کی جائے جس کے تحت اب وہ درخواست گزار اہل ہوں گے جن کی ماہانہ تنخواہ 50 ہزار درہم سے کم ہو۔
تنخواہ کی اہلیت کے معیار میں یہ ترمیم شارجہ حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق شارجہ کے حکمران کی حالیہ گرانٹ کے تناظر میں کی گئی ہے۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دونوں اقسام کی گرانٹ کے لیے اہلیت کا معیار تنخواہوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کی سطح کے مطابق ہو۔
وام کے مطابق دونوں گرانٹس کی مالیت میں اضافے کی یہ ہدایات اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اس کے نتیجے میں روزمرہ اخراجات میں ہونے والے اضافے کو مدنظر رکھ کردی گئی ہیں۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد ‘شارجہ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ’ کی جانب سے دی جانے والی رہائشی امداد کے مستحقین کے لیے شادی اور گھر کے فرنیچر کے اخراجات کا بوجھ کم کرنا ہے تاکہ خاندانوں کو ان کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے اور ان کے معاشی استحکام میں اضافہ ہو۔




