گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈپٹی کمشنرز کو گرفتاری اور نظر بندی کے اختیارات تفویض کر دیے

پشاور(اے ون نیوز) خیبر پختونخوا میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او آرڈیننس کے تحت گرفتاری اور نظر بندی کے اختیارات ضلعی انتظامیہ کو منتقل کر دیے ۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او آرڈیننس 1960 کے سیکشن 3 ، ذیلی سیکشن ایک کے تحت اختیارات تفویض کر دیے۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے اعلامیے کے مطابق ضلعی پولیس افسر کی جانب سے کیس موصول ہونے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر فوری کارروائی کرے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ 11 اکتوبر کو صوبے میں ایمرجنسی کے اعلان کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد انتظامی تاخیر کم کرنا اور امن و امان سے متعلق بروقت اقدامات یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے مطابق کریں اور ان کا کسی صورت غلط استعمال نہ ہو۔ عوام کے امن، تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔




