
لاہور(اے ون نیوز)کا ہنہ کے علا قہ میں امریکن نیشنل خاتون اور اس کے 3 بچوں کے قتل کاڈراپ سین،مقتول بچوں کی سفاک ماں ہی مرکزی ملزمہ اور قاتل نکلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں مقتول بچوں کی والدہ کو مرکزی ملزمہ قرار دیا گیا ہے جبکہ کیس میں مزید دو افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکن نیشنل خاتون ذہنی مریضہ تھی ، آن لائن مرنے کے طریقے سرچ کرتی رہتی تھی گرفتار افراد میں کیمیکل شاپ کا مالک اور ایک رائیڈر شامل ہیں، کیمیکل شاپ کا مالک آن لائن کیمیکل فروخت کرتا تھا، جس سے خاتون کا رابطہ ہوا۔
خاتون نے کیمیکل کے حصول کے لیے ملزم کو ایک لاکھ 38 ہزار 540 روپے منی گرام کے ذریعے ادا کیے، تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ خاتون نے کیمیکل والا پارسل اپنی دوست کے گھر منگوایا۔
16 جولائی کو خاتون نے اپنی دوست کے ہمراہ پیزا شاپ پر کھانا کھایا اور بعد ازاں کیمیکل والا پارسل وصول کیا، پولیس کے مطابق 17 جولائی کو خاتون نے مبینہ طور پر اپنے بچوں کو آئس کریم کھلائی، جس میں زہریلا کیمیکل شامل تھا جبکہ بعد میں خود بھی وہی چیز استعمال کی۔
ترجمان نےمزید بتایا کہ خاتون کے شوہر ناصر کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا گیا اور مکمل تفتیش کے بعد کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔




