سوات، کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکہ، 15 افراد شہید

سوات(اے ون نیوز)خیبرپختونخوا کے سیاحتی شہر سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکے میں 15 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں اب تک 14 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں 9 شہدا کے جسد خاکی سینٹرل اسپتال سیدو شریف اور 5 شہدا کے جسد خاکی کی تصدیق کبل اسپتال کے ڈاکٹر صاحبان کی جانب سے کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 شاہ فہد کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات شعیب منصور کی نگرانی میں ریسکیو 1122 سوات امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے اور ریسکیو1122 سوات کی 13 ایمبولینسز اور 45 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو1122 نے 15 سے زائد زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
اس سے قبل ڈی پی او سوات عمر گنڈاپور نے کہا تھا کہ کبل تھانے کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا، جس میں 4 پولیس اہلکاروں اور شہریوں سمیت 15 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مالاکنڈ سید فدا حسین نے بتایا کہ کبل پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب دھماکا ہوا ہے اور دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا تاہم احتجاج والا مقام دھماکے کی جگہ سے دور تھا۔
انہوں نے بتایا کہ خودکش بمبار نے تھانہ کبل میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکار نے خود کش کو اندر داخل ہونے سے روکا، جس پر خودکش بمبار نے تھانے کے گیٹ پر خود کو اڑایا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھانے کے قریب پولیس لائن اور حساس عمارتیں واقع ہیں، ابتدائی طور پر چار پولیس جوان شدید زخمی ہوئے اور واقعے میں دو شہری بھی زخمی ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی نے کہا کہ کبل میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع کی جانب روانہ کر دی گئیں۔




