
لزبن(اے ون نیوز)پرتگال کے معروف فٹبالر اور سعودی کلب النصر کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی طویل عرصے سے ساتھی جورجینا روڈریگز کی متوقع شادی سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
مبینہ دعوت نامے میں مہمانوں سے مکمل سیاہ لباس پہن کر تقریب میں شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔ اس غیر معمولی شرط نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین میں مختلف انداز کی قیاس آرائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب ہفتہ 8 اگست کو پرتگال کے جزیرے مادیرا کے دارالحکومت فونشال میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فونشال کے تاریخی کیتھڈرل کو ایک بڑی نجی تقریب کے لیے بک کر لیا گیا ہے، جبکہ مہمانوں کی رہائش کے لیے کیتھڈرل کے قریب واقع فائیو اسٹار ہوٹل ”سافوئے پیلس“ بھی مخصوص کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے اپنے مہمانوں کو آگاہ کیا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کے روز ہوٹل کی دو منزلیں اور بعض سہولیات اس نجی تقریب کے باعث عام استعمال کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔
برطانوی اخبار ”مرر“ کے مطابق افشا ہونے والے دعوت نامے میں تمام مہمانوں سے سیاہ لباس پہننے کی درخواست کی گئی ہے۔ اگرچہ اس شرط کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، تاہم بعض مبصرین کا خیال ہے کہ اس کا مقصد دلہن جورجینا کے متوقع سفید عروسی لباس اور مہمانوں کے سیاہ لباس کے درمیان نمایاں بصری تضاد پیدا کرنا ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر شادی کی تصاویر کسی بین الاقوامی جریدے یا خصوصی اشاعت کے لیے تیار کی جائیں۔
کرسٹیانو رونالڈو، جن کی پرورش مادیرا کے شہر فونشال میں ہوئی، اور ہسپانوی و ارجنٹائنی نژاد ماڈل جورجینا روڈریگز کی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی۔ دونوں کئی برسوں سے ساتھ ہیں اور گزشتہ سال رونالڈو نے جورجینا کو شادی کی پیشکش کی تھی۔ حالیہ دنوں میں اس جوڑے کی مایورکا میں ایک بحری جہاز پر موجود تصاویر بھی سامنے آئی تھیں، جن میں دونوں ہیرے کی انگوٹھیاں پہنے ہوئے دکھائی دیے۔
رونالڈو اس سے قبل بھی کہہ چکے تھے کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اب جبکہ ورلڈ کپ اختتام پذیر ہو چکا ہے، مختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، تاہم دونوں کی جانب سے ابھی تک ان خبروں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شادی کی تقریب مذہبی انداز میں چرچ میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ بعض مبصرین کے مطابق رونالڈو نے کیتھولک خاندانی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے چرچ کا انتخاب کیا ہے۔
مدعو مہمانوں کی حتمی فہرست سامنے نہیں آئی، تاہم مختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فٹ بال اور شوبز کی کئی معروف شخصیات کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ ان میں ریو فرڈینینڈ، ونیسیئس جونیئر، کائلین ایمباپے، اداکار ون ڈیزل، ہسپانوی اداکارہ ایسٹر ایکسپوزیٹو، گلوکارہ ریحانہ، جینیفر لوپیز، ڈریک، ٹریوس سکاٹ اور برطانوی صحافی پیئرس مورگن کے نام بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔ تاہم ان ناموں کی بھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
میڈیا میں یہ سوال بھی زیر بحث ہے کہ آیا رونالڈو اور جورجینا اپنی شادی کی تقریب کو مکمل طور پر نجی رکھیں گے یا نہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق مداح اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا تقریب کے دوران تصاویر لینے کی اجازت ہوگی یا تقریب کی تفصیلات محدود رکھی جائیں گی۔ دنیا کے مشہور ترین جوڑوں میں شمار ہونے کی وجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ شادی کی پہلی تصاویر حاصل کرنے کے لیے عالمی ذرائع ابلاغ کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔




