اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وادی تیراہ میں زخمی لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید ،نماز جنازہ ادا

لاہور،راولپنڈی (اے ون نیوز) نو اگست کو خوارجیوں سے مقابلے میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید ہو گئے۔تفصیلات کے مطابقضلع خیبر میں خوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنےوالے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید (عمر 24 سال، ساکن ضلع اٹک) کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی ۔

جنازے میں کور کمانڈر پشاور، شہید کے لواحقین اور عسکری و سول حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید کو ان کے آبائی شہر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود شہید کا تعلق اٹک سے ہے اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے، خوارجیوں سے وادی تیراہ میں مقابلہ ہوا، مقابلہ میں چار خوارجی مارے گئے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک مقابلہ میں زخمی ہوئے تھے، سکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں بہادر جوانوں اور افسروں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید پختہ بناتی ہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وادی تیراہ میں خوارج کے ساتھ جھڑپ میں شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو خراج عقیدت پیش کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے بہادری کے ساتھ خارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 4 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنی قیمتی جان دے کر خارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔

مزید بر آںصدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چند روز پہلے وادی تیراہ میں خوارجی دھشتگردوں کے خلاف کارروائی میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے وادی تیراہ میں فورسز پر حملے میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیز محمود ملک کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ عزیز محمود ملک کی شہادت پر اظہار لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ۔

صدر مملکت نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر لیفٹیننٹ عزیز محمود ملک کو خراج عقیدت پیش کیا ۔صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔صدر مملکت نے شہید کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا ءکی ۔اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے چار خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاک فوج کے افسران و جوان پاکستان کی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے پاک کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ہمارے شہداءاور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کا فخر ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لیفٹیننٹ عزیز محمود ملک کی شہادت پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button