راولپنڈی (اے ون نیوز)جڑواں شہروں میں پیر کی دوپہر ہونے والی ساون کی آخری موسلا دھار بارش سے راولپنڈی جل تھل ہو گیا۔
ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی مسلسل اور تیز بارش سے شہر کی تمام سڑکیں تالابوں اور جوہڑوں کا منظر پیش کرنے لگیں بیشتر رہائشی و کمرشل گنجان علاقوں میںدو دوفٹ سے زائد پانی گھروں اور دکانوںمیںداخل ہو گیا جبکہ مختلف مقامات پرخاتون اور 2بچوں سمیت 6افراد برساتی نالوں میں گر گئے جن میں سے1بچے اور خاتون سمیت3افراد کو بچالیا گیا جبکہ دیگر افراد کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تیز بارش کے باعث جہاں گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیاوہی پرموسلا دھار بارش کے باعث بعض مقامات پرجشن آزادی کی تقریبات بھی متاثر ہوئیں جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں ہونے والی تقریبات بارش کی نذر ہو گئی۔
تیز بارش کے باعث کٹاریاں کے مقام پرنالہ لئی میں پانی کی سطح 14فٹ اور گوالمنڈی کے علاقے میں13فٹ تک بلند ہو گئی اطلاعات کے مطابق راولپنڈی خیابان سرسید کے علاقے میں 2موٹر سائیکل سوار پھسلنے کے باعث نالے میں گر گئے جن میں سے ایک شخص کومقامی افراد نے فوری طور پر نکال لیا جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے دو گھنٹے سے زائد وقت تلاش کے باوجوددوسرے شخص کا سرغ نہ مل سکاریسکیو آپریشن کے دوران ریسکیو فلوٹنگ بوٹ خراب ہو گئی جس پرریسکیو اہلکاروں نے آپریشن روک دیا کشتی خراب ہونے باعث دوسری فلوٹنگ بوٹ منگوائی گئی بورنگ روڈ کے علاقے مین کم سن بچی نالے میں ڈوب گئی ۔
چکری کے علاقے میں کم سن بچہ کھڑے پانی میں گر گیا تیز بارش کے باعث پانی جمع ہونے سے بچہ پانی میں ڈوب گیا جس کی تلاش کے لئے ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں کا سرچ آپریشن جاری تھا اسی طرح چاکرہ کے علاقے میںایک خاتون برساتی نالے میں گرگئی جسے فوری طور پر ریسکیو کر لیا گیاتاہم خاتون کے مطابق اس کے ساتھ ایک بچہ بھی نالے میں گرا جس کا فوری طور پر کوئی سراغ نہ مل سکا البتہ ریسکیو 1122نے بچے کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
موتی بازار ، راجہ بازار ، صرافہ بازار،بوہڑ بازار اور ملحقہ علاقوں میں2،2فٹ پانی مارکیٹو ںاور دکانوں میں جبکہ راجہ بازار،لال حویلی روڈ،بوہڑ بازار،مری روڈ،کوہاٹی بازار،امر پورہ،نشاط سینمااورپرنٹنگ پریس مارکیٹ کے علاوہ شہر کے گنجان علاقوں صادق آباد ،ہزارہ کالونی ،اعوان کالونی ، مہر کالونی ،ڈھوک رتہ ،مسلم کالونی ،جاوید کالونی ،ڈھوک الٰہی بخش ،مکھا سنگھ سٹیٹ ، گلاس فیکٹری ،امرپورہ ، نیوپھگواڑی راولپنڈی کینٹ میںجان کالونی،اسلم مارکیٹ،ڈھوک سیداں،گرجا روڈسمیت متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
بارش کے باعث کوڑا کرکٹ ہر طرف پھیل گیاجبکہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور دکانوں سے پانی نکالتے رہے۔علاوہ ازیںکراچی میں پیر کی صبح کچھ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
مر ی، مالاکنڈ اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقو ں میں بارش ہوئی جس سے ان علاقوں میں موسم ٹھنڈا ہو گیا۔محکمہ موسمیات نے آج سے بدھ کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔اس کے علاوہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔