اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکھیل

پاکستان نے آخری لمحات میں انگلینڈ کے جبڑوں سے فتح چھین لی

لاہور(اے ون نیوز)سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ان کے جبڑوں سے فتح چھین لی اور سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

اتوار کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 47 ویں اوورز میں 241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم 242 رنز کا ہدف پاکستان نے 48 ویں اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

انگلینڈ کی بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ پاکستانی بولرز نے درست ثابت کیا، شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں انگلش بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا اور ٹاپ آرڈر کے اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے انگلینڈ کو ابتدائی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے تیسرے اوور میں جو روٹ کو 5 رنز پر پویلین بھیج دیا جب کہ 19 کے مجموعی اسکور پر کپتان ہیری بروک ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 52 رنز پر گری، جب جارڈن کاکس 6 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی 4 وکٹیں 52 رنز پر گرنے کے بعد بین ڈکٹ اور سیم کرن نے اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 93 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ سیم کرن 52 گیندوں پر 42 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں ول 175 رنز پر انگلینڈ کا چھٹا نقصان اٹھانا پڑا اور ول جیکس 13 رنز بناکر رضا اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا تو وہی دوسری طرف اوپنر بین ڈکٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اوراور اپنی سنچری مکمل کی۔

انگلینڈ کا اسکور 187 رنز تک پہنچا تو بین ڈکٹ بھی عرفات منہاس کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ لیام ڈاسن 5 رنز اور جیمی اوورٹن 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہنری کروکومب 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا چوتھا شکار بنے جب کہ گس ایٹکنسن 28 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 3 چھکے شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 8.4 اوورز میں 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ عرفات منہاس اور رضااللہ نے 2،2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ شاداب خان کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

اس طرح انگلینڈ کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 46.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 242 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان کی بیٹنگ
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی وکٹیں بھی پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ سعد بیگ نے 32 اور سلمان علی آغا نے 26 رنز بنائے، حسن نواز 15 رنز بناسکے۔

پاکستان کی 154 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان اور حارث رؤف انگلینڈ کے بولرز کے سامنے چٹان بن گئے۔ شاداب خان نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے بازی پلٹ دی اور ون ڈے کریئر کی پہلی سنچری بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور سنسنی خیز مقابلے بعد انگلینڈ کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔

اس موقع پر حارث رؤف نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور وکٹ کو سنبھالے رکھا۔ آخری وکٹ کی شراکت میں شاداب اور حارث نے 89 رنز بنائے جب کہ 97 رنز کے انفرادی اسکور پر شاداب خان کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا تھا تاہم ریویو میں وہ ناٹ آؤٹ قرار دیے گئے۔ میچ کے آخری مرحلے میں شاداب خان نے حارث رؤف کے ساتھ مل کر انگلینڈ کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور پاکستان کو کامیابی دلادی۔

شاداب خان نے 96 گیندوں پر 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ حارث روؤف 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ گس اٹکنسن اور لیام ڈاسن نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ہنری کروکومب اور ول جیکس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس طرح پاکستان نے 242 رنز کا ہدف 47.1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے اپنے نام کرلیا اور سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

میچ کا ٹاس
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے چوتھے میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے میچ کھیل رہی ہیں۔

اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے انگلش ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ وکٹ کو دیکھ کر ٹیم میں ایک اسپینر شامل کیا ہے، ہماری کوشش ہے مثبت چیزوں پر توجہ دیں اور میچ میں فتح حاصل کریں۔

شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نسیم شاہ اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے رضا اللہ اور شاداب خان کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، رضا اللہ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ ٹاس جیتنے پر ہم بھی بیٹنگ کرتے، انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، جوش ٹونگ باہر ہوگئے ان کی جگہ ہنری کروکومب نے اپنا ڈیبیو کیا ہے جب کہ عادل رشید بدستور ٹیم سے باہر ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں شاداب خان، رضا اللّٰہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین شاہ آفریدی (کپتان) اور حارث رؤف شامل ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ
انگلینڈ کی ٹیم میں ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک (کپتان)، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاسن، گس ایٹکنسن اور ہنری کروکومب شامل ہیں۔

یاد رہے سہ ملکی سیریز کے پہلے 3 میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے، جہاں پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی، قومی ٹیم نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز اور انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی طرح سری لنکا ایک میچ میں فاتح رہا دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انگلینڈ اپنے پہلے دونوں میچز ہار چکا ہے۔

قومی ٹیم آج انگلینڈ کو شکست دے کر مسلسل تیسری فتح حاصل کرنے اور فائنل میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کرے گی، اس میچ میں کامیابی قومی ٹیم کو سیریز کے فائنل میں پہنچا دے گی۔

بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے سلسلے میں قومی ٹیم کے کھلاڑی آج کے میچ میں گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانا اور اس مرض کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔

اس میچ میں قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں 150 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔

شاہین آفریدی اس میچ میں انگلش اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے پہلے پاکستانی فاسٹ بولرز بن گئے ہیں جنہوں نے کم ترین میچز میں 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کی ہیں۔

وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں جب کہ ثقلین مشتاق نے 78 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

شاہین آفریدی کی قذافی اسٹیڈیم میں کارکردگی بھی نمایاں رہی ہے، وہ یہاں 6 میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، ان کی قیادت میں پاکستان نے 13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل رہی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان پر آخری ون ڈے میچ 12 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button