
اسلام آباد(اے ون نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما فرخ خان کھوکھر نے مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج کے متعلق الزام تراشیوں اور ہرزہ سرائی سے دل برداشتہ ہو کر جمعیت علمائے اسلام چھوڑ دی۔
فیس بک پر سامنے آنے والی ایک پوسٹ کے مطابق فرخ کھوکھر نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر شدید اختلاف کرتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں فرخ کھوکھر نے واضح کیا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے قومی اداروں سے متعلق سخت اور جارحانہ بیانات سے اتفاق نہیں کرتے، اور اسی اصولی اختلاف کی بنیاد پر وہ جے یو آئی چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ملک کے دفاع کی ضامن پاک فوج اور دیگر قومی اداروں کے ساتھ اپنی غیر مشروط وابستگی برقرار رکھوں گا۔
فرخ کھوکھر کون شخصیت ہیں؟
فرخ کھوکھر (فرخ امتیاز کھوکھر) راولپنڈی ، اسلام آباد کی ایک بااثر، معروف لیکن متنازع سمجھی جانے والی شخصیت ہیں۔ جو زمیندار، رئیل اسٹیٹ بزنس مین اور سوشل میڈیا (ٹک ٹاک) سٹار ہونے کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں کی سیاست میں گہرا اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ وہ جولائی 2025ء میں پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) سے دیرینہ وابستگی ختم کر کے جمعیت علما اسلام (JUI-F) میں شامل ہوئے تھے۔
فرخ کھوکھر راولپنڈی کی مشہور اور بااثر شخصیت سیاسی رہنما امتیاز احمد عرف ‘تاجی کھوکھر’ کے بیٹے ہیں۔ تاجی کھوکھر ایک وقت میں علاقہ میں پیپلز پارٹی کا ستون تصور کئے جانے لگے تھے۔
ان کو پارٹی کے مینٹور آصف علی زرداری کا قریبی ساتھی کہاجاتا تھا۔ تاجی کھوکھر اپنے کئی قریبی عزیزوں کے ساتھ علاقہ مین جائیدادوں پر قبضے کرنے کے تنازعات میں ملوث رہے تاہم بعد میں ان کی سیاست میں حیثیت برھ گئی اور قبضوں کے تنازعات پس منظر میں چلے گئے۔ فرخ کھوکھر، سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے کزن اور سابق ڈپٹی سپیکر حاجی نواز کھوکھر کے بھتیجے ہیں۔
فرخ کھوکھر پاکستان کے نامور ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا انفلونسرز میں شمار ہوتے ہیں۔ ٹک ٹاک پر ان کے 35 لاکھ (3.5 Million) سے زائد فالوورز ہیں، جہاں وہ اپنے ڈیرے کی ویڈیوز اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں کا احوال شیئر کرتے رہتے ہیں۔




